یک ہفتے پہلے تک انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا تمل ناڈو کی
وزیر اعلی بننے کا خواب دیکھتی تھیں۔ آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملے میں
سپریم کورٹ کا سخت فیصلہ آیا، چنمما کے سارے خواب چکنا چور ہو گئے۔
جمعرات کو وہ بنگلورو کی جیل میں ٹی وی پر انتہائی خاموشی سے اپنے وفادار
پلانی سوامی کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیتے ہوئے دیکھ رہی تھیں۔ کبھی یہ
عہدہ ان کا خواب تھا جو تقریبا ختم ہو گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ششی کلا کو جیل میں قیدی نمبر 9234 کے طور پر نئی شناخت
ملی ہے۔ ششی کلا کو جس کوٹھری میں رکھا گیا ہے، اسی کے پاس ایک اور مشہور
خاتون قیدی ہے۔ اس کا نام سناڈے ملکہ ہے۔
ملکہ چھ خواتین کو زہر دے کر موت کی نیند سلانے کی مجرم ہے۔ اس معاملے
میں
اسے پھانسی کی سزا دی گئی تھی، پھر اس کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا
گیا۔
بنگلورو مرر میں شائع خبر کے مطابق، جب سے ششی کلا جیل میں آئی ہیں، ملکہ
نے کئی بار ان سے بات کرنے کی کوشش کی۔ پہلے دن تو ششی کلا نے اسے کوئی
توجہ نہیں دی، لیکن جمعرات کو انا ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل کا دل پگھل گیا۔
ملکہ کو دیکھ کر وہ ہلکی سی مسکرائیں۔
ششی کلا کو جیل میں خواتین بیرک کے 10 فٹ لمبے اور چار فٹ چوڑے ایک عام سے
سیل میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے جیل حکام سے گدا دینے کی بات کی ، لیکن ان
کی یہ اپیل ٹھکرا دی گئی۔ ایسے میں پہلی رات ششی کلا کو زمین پر ہی لیٹ کر
کاٹنی پڑی تھی۔ ششی کلا کو دوسرے قیدیوں کی طرح کھانے میں دو روٹی، ایک
راگی بال، 200 گرام چاول اور 150 گرام سانبھر دیا جاتا ہے۔